نیوز ڈیسک
کوئٹہ: بلوچستان کی سرکاری جامعات کے وائس چانسلرز کے ایک وفد نے، بیوٹمز (BUITEMS) کے وائس چانسلر پروفیسر خالد حفیظ کی قیادت میں، آج وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سر فراز بگٹی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ، جامعات کو درپیش مالی مشکلات، خصوصاً اساتذہ اور انتظامی عملے کی تنخواہوں سے متعلق مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیرِاعلیٰ میر سر فراز بگٹی نے وفد کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت تعلیمی اداروں کے مالی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے تنخواہوں کے مسئلے کے حل کے لیے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا، جسے ایک ہفتے کے اندر اپنی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تشکیل دی گئی کمیٹی میں شامل اراکین:
پروفیسر خالد حفیظ (وائس چانسلر بیوٹمز)
پروفیسر ظہور بازئی (وائس چانسلر بلوچستان یونیورسٹی)
پروفیسر شبیر احمد لہڑی
جناب صالح بلوچ (سیکریٹری ہائر ایجوکیشن)
جناب عمران زرقون (سیکریٹری خزانہ)
جناب بابر خان (پرنسپل سیکریٹری ٹو وزیرِاعلیٰ)
وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت اعلیٰ تعلیم کے فروغ اور جامعات کے مالی و انتظامی معاملات کے حل کے لیے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔







