سید قسیم شاہ
کوئٹہ :وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں نوجوانوں کو ترجیح دی جائے گی اور روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوان نسل کے روشن مستقبل اور صوبے کی ترقی کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔
وہ منگل کے روز کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی کے نئے بلاک اور آڈیٹوریم ہال کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزراء، پارلیمانی سیکریٹریز اور اراکین اسمبلی بھی موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے آڈیٹوریم ہال میں پہلا باقاعدہ خطاب بھی کیا اور منصوبے کی بروقت تکمیل پر محکمہ مواصلات و تعمیرات کی ٹیم کو سراہا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی پرانی عمارت موجودہ تقاضوں پر پوری نہیں اتر رہی تھی، جس کے باعث نئی عمارت کی تعمیر ناگزیر تھی۔ نئی عمارت کو وفاقی حکومت کے تعاون سے مکمل کیا جائے گا، جس میں اراکین اسمبلی کے لیے تمام جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔ انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ ایوان کی بہتری کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ حکومت کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ رواں مالی سال میں ترقیاتی فنڈز کا 90 فیصد سے زائد بجٹ بروقت استعمال کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بجٹ سرپلس ہوگا، جو مالی نظم و ضبط اور بہتر منصوبہ بندی کی عکاسی کرتا ہے۔
امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز کامیابی سے جاری ہیں، جن کے مثبت اثرات پورے صوبے میں محسوس کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں اب امن بحال ہو رہا ہے، سڑکیں کھلی ہیں اور عوام کا اعتماد بحال ہو رہا ہے — جو ترقی اور استحکام کی واضح علامت ہے۔