سید علی شاہ / منان مندوخیل
کوئٹہ – بلوچستان اسمبلی نے بھارت کی جانب سے کیے گئے مبینہ فالس فلیگ آپریشن، بڑھتی ہوئی جارحیت اور پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے خلاف ایک متفقہ مذمتی قرار داد منظور کر لی۔ یہ قرار داد حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے مشترکہ طور پر پیش کی، جسے ایوان نے متفقہ طور پر منظور کیا۔
قرار داد رکن صوبائی اسمبلی زرین خان مگسی نے پیش کی، جنہوں نے کہا کہ بھارت نے پاہلگام واقعے کے بعد بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات عائد کیے اور خطے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات نہ صرف پاکستان کے خلاف ہیں بلکہ پورے خطے کے امن کے لیے بھی خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے ایوان سے مطالبہ کیا کہ وہ وفاقی حکومت اور عالمی برادری سے بھارت کی حالیہ جارحانہ روش پر فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بحث سمیٹتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن کی بات کی ہے، لیکن بھارت کی دھمکیوں اور پروپیگنڈے کا مؤثر جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی افواج، عوام اور سیاسی قیادت ملکی دفاع کے لیے متحد ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت کسی بھول میں نہ رہے، پاکستان اپنی خودمختاری اور نظریاتی سرحدوں کا ہر صورت میں دفاع کرے گا۔
بحث میں میر شعیب نوشیروانی، بخت محمد کاکڑ، سردار عبدالرحمٰن کھیتران، اور خیر جان بلوچ نے بھی حصہ لیا اور بھارت کی جارحانہ پالیسیوں، فالس فلیگ آپریشن اور بے بنیاد الزامات پر سخت تنقید کی۔ ارکان اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جھوٹا بیانیہ کسی صورت کامیاب نہیں ہوگا اور عالمی برادری کو بھارتی عزائم پر نظر رکھنی چاہیے