کوئٹہ: حکومت بلوچستان نے موجودہ علاقائی صورتحال اور ممکنہ سفری و ٹرانسپورٹ مسائل کے پیش نظر صوبے بھر کے تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر بند رکھنے کا اعلان کر دیا ہے۔
محکمہ تعلیم (اسکولز) بلوچستان کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبے کے تمام سرکاری اور نجی اسکول 9 مارچ سے 23 مارچ 2026 تک بند رہیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ انتظامی تیاری کو یقینی بنانے اور طلبہ و اساتذہ کو نقل و حرکت سے متعلق ممکنہ مشکلات سے بچانے کے لیے کیا گیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے واضح کیا ہے کہ اسکولوں میں جاری داخلہ مہم، اسکولوں کی ڈیجیٹل مردم شماری اور اگر کوئی امتحانات پہلے سے شیڈول ہیں تو وہ معمول کے مطابق جاری رہیں گے۔ متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان سرگرمیوں کو محکمہ کی جاری کردہ ہدایات کے مطابق جاری رکھیں۔
دوسری جانب حکومت بلوچستان کے کالجز، ہائر اینڈ ٹیکنیکل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے بھی ایک علیحدہ نوٹیفکیشن کے ذریعے صوبے کے تمام سرکاری انٹرمیڈیٹ کالجز، ڈگری کالجز، ٹیکنیکل اداروں اور پبلک سیکٹر جامعات کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
حکام کے مطابق مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ اور اس کے نتیجے میں ایندھن کی ممکنہ قلت کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کالجز اور جامعات 10 مارچ سے 23 مارچ 2026 تک بند رہیں گی جبکہ اس دوران تعلیمی، تدریسی اور انتظامی سرگرمیاں معطل رہیں گی۔ حکومت بلوچستان کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی سہولت اور بدلتی ہوئی علاقائی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدبیر کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔







