کوئٹہ، 9 نومبر:
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے کے صحت عامہ کے شعبے میں نمایاں بہتری صوبائی حکومت کے پختہ عزم اور مؤثر اصلاحاتی اقدامات کا نتیجہ ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ حالیہ تصدیق شدہ اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ بلوچستان میں بچوں کی مکمل ویکسینیشن کی شرح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، جو عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد، بہتر انتظامی حکمتِ عملی اور شفاف طرزِ حکمرانی کی عکاسی کرتا ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق تھرڈ پارٹی ویریفکیشن آف امیونائزیشن کوریج سروے جو آغا خان یونیورسٹی نے جاری کیا، کے مطابق صوبے کی فُل امیونائزیشن کوریج جو 2020 سے صرف 38 فیصد پر برقرار تھی، ایک سال کے اندر بڑھ کر 47 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ یہ پیش رفت ایکسپینڈڈ پروگرام آن امیونائزیشن (ای پی آئی) اور حکومت کی جاری صحت عامہ کی اصلاحات کی کامیابی کو ظاہر کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر یہی رفتار برقرار رہی تو بلوچستان جلد ہی ای پی آئی کے تحت مقرر کردہ 70 فیصد ہدف حاصل کر لے گا، جو صوبے کی صحت کے نظام میں ایک تاریخی سنگِ میل ہوگا۔ انہوں نے اس کامیابی کو حکومت کی مؤثر پالیسیوں، انتظامی استحکام اور شفاف حکمتِ عملی کا ثبوت قرار دیا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے محکمہ صحت بلوچستان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی خدمت کے مشن کو مزید مضبوط عزم کے ساتھ جاری رکھے گی تاکہ صوبے کے ہر شہری کو بہتر، محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کیا جا سکے۔







