ویب ڈیسک
ترجمان کسٹم کے مطابق کراچی کسٹمز حکام نے جنوبی ایشیا پاکستان ٹرمینل پر ایک بڑی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 14 ہزار کلوگرام گدھوں کی کھالیں ضبط کرلیں، جن کی مالیت تقریباً 8 کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گدھوں کی کھالوں کو چمڑے کی مصنوعات ظاہر کرتے ہوئے چین بھیجنے کی کوشش کی جارہی تھی۔ یہ غیر قانونی سامان برآمدی گرین چینل سے کلیئر ہوچکا تھا اور اسے بحری جہاز پر لوڈ کرنے کی اجازت بھی مل گئی تھی۔ تاہم، کسٹمز انفورسمنٹ کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کنٹینر کی تفصیلی جانچ کی جس کے دوران ممنوعہ کھالیں برآمد ہوئیں۔
حکام کے مطابق پاکستان کی موجودہ برآمدی پالیسی کے تحت گدھوں کی کھالوں کی بیرون ملک ترسیل پر مکمل پابندی عائد ہے۔ اس خلاف ورزی پر کسٹمز نے فوری طور پر برآمدکنندہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے جبکہ کھالیں ضبط کر کے سرکاری گودام میں منتقل کر دی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ کارروائی معلوماتی نگرانی اور کسٹمز حکام کی مستعدی کا نتیجہ ہے، جو ممنوعہ اشیاء کی برآمد کو روکنے کے لیے سرگرم عمل ہیں۔