سٹاف رپورٹر:
کوئٹہ، 30 اکتوبر 2025 — وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں پولیس کے نظام کو مزید مضبوط اور مؤثر بنانے کے لیے اہم اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسسٹنٹ سب انسپکٹرز (ASI) کی تعیناتی آئندہ محکمانہ بھرتیوں کے ذریعے کی جائے گی تاکہ فورس میں شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے سنٹرل پولیس آفس کوئٹہ کے دورے کے موقع پر یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر ان کی زیرِ صدارت محکمہ پولیس سے متعلق اعلیٰ سطح اجلاس منعقد ہوا، جس میں لیویز فورس کے پولیس میں انضمام، آپریشنل ہم آہنگی بڑھانے اور فورس کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے فیصلے کیے گئے۔
اجلاس میں پولیس کو جدید ٹیکنالوجی، فورینزک سہولیات اور مؤثر مواصلاتی نظام فراہم کرنے، جبکہ اسپیشل آپریشنز اور اسپیشل سیکیورٹی ونگز کو مزید فعال بنانے کی منظوری دی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت پولیس کو تمام مالی و انتظامی وسائل فراہم کرے گی تاکہ امن و امان کے قیام میں فورس اپنا بھرپور کردار ادا کر سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس اہلکاروں کے لیے تربیتی کورسز، سیمینارز اور ڈرلز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، جب کہ شہداء کے پیکجز کو بہتر اور جامع بنانے کے لیے بھی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ میر سرفراز بگٹی نے دہشت گردی کے واقعات میں جان قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام کے لیے پولیس فورس کو جدید، متحرک اور عوام دوست بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے







