تُربت –نمائندہ خصوصی: اغوا ہونے والے اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئ کے بھائی گل داد نورزئی نے تربت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اپنے بھائی کی فوری اور محفوظ بازیابی کے لیے انسانی بنیادوں پر اپیل کی ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران گل داد نورزئی نے مسلح تنظیم سے مطالبہ کیا کہ وہ محمدحنیف نورزئ کو فوری طور پر رہا کریں تاکہ ان کے خاندان کی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا خاندان شدید کرب اور اذیت میں مبتلا ہے اور اس مشکل گھڑی میں انصاف کا منتظر ہے۔
انہوں نے سول سوسائٹی، سیاسی جماعتوں، قبائلی عمائدین، انسانی حقوق کے کارکنوں اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے میں خاموش تماشائی نہ بنیں بلکہ اسسٹنٹ کمشنر کی بازیابی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
یاد رہے کہ اسسٹنٹ کمشنر محمد حنیف نورزئ کو چند روز قبل مسلح افراد نے اس وقت اغوا کیا تھا جب وہ اپنے اہل خانہ اور ایک سیکیورٹی گارڈ کے ہمراہ سفر کر رہے تھے۔ مسلح افراد نے اہل خانہ اور گارڈ کو چھوڑ کر صرف اسسٹنٹ کمشنر کو اپنے ساتھ لے گئے تھے