نیوز ڈیسک
کوئٹہ : منشیات کے خلاف کارروائیوں کو مؤثر بنانے کے لیے اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) ہیڈکوارٹر خالد ایئربیس میں محکمہ ایکسائز کے افسران اور اہلکاروں کے لیے خصوصی ڈرون ٹریننگ سیشن کا انعقاد کیا گیا۔
تربیتی پروگرام کا مقصد قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جدید ڈرون ٹیکنالوجی کے استعمال سے آگاہ کرنا اور منشیات کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنانا تھا۔ اس موقع پر افسران کو ڈرون کے عملی استعمال، فضائی نگرانی اور جدید سرویلنس طریقہ کار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حکام کے مطابق ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے دور دراز اور دشوار گزار علاقوں میں منشیات کی غیر قانونی کاشت اور سرگرمیوں کی نشاندہی میں مدد ملے گی، جس سے اینٹی نارکوٹکس آپریشنز کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
اس موقع پر ایوب ہزارہ نے کہا کہ اس طرح کے تربیتی پروگرام افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں اور انہیں جدید تقاضوں کے مطابق مؤثر کارروائیوں کے قابل بناتے ہیں۔
ٹریننگ مکمل کرنے والے افسران اور اہلکاروں میں تعریفی اسناد بھی تقسیم کی گئیں جبکہ شرکاء نے منشیات کے خلاف مہم کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
تقریب میں ڈائریکٹر ایکسائز نصیر اللہ مندوخیل سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔






