ریاض بلوچ، قسیم شاہ:
کوئٹہ — صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کے خلاف پولیس کی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران حالیہ دنوں میں ایک ہزار سے زائد افراد کو تحویل میں لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران کوئٹہ کے مختلف علاقوں سے 750 سے زائد افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا جو بغیر قانونی دستاویزات رہائش یا کاروبار کر رہے تھے۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے بھی شہر بھر میں کارروائیوں کے دوران 1600 سے زائد افغان باشندوں کو حراست میں لیا جا چکا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد کو متعلقہ سول انتظامیہ کے حوالے کیا جا رہا ہے، جہاں بائیو میٹرک تصدیق کے بعد قانونی طریقہ کار کے تحت انہیں افغانستان واپس بھیجنے کے لیے چمن منتقل کیا جا رہا ہے۔ یہ کارروائیاں شہر کے تمام ڈویژنوں میں جاری ہیں اور ان کا مقصد امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔
پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے علاقوں میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کے بارے میں فوری اطلاع دیں تاکہ مزید مؤثر کارروائی کی جا سکے۔
دوسری جانب ضلع چاغی میں بھی غیر قانونی افغان باشندوں کے خلاف بڑا آپریشن کیا گیا ہے۔ دالبندین اور دیگر علاقوں میں مختلف کارروائیوں کے دوران 250 سے زائد افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا جو بغیر دستاویزات سفر اور قیام کر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق گرفتار افراد کو دالبندین کے صدر تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ غیر قانونی افغان باشندوں کی واپسی سے متعلق مہم کو ملک بھر میں مزید تیز کر دیا گیا ہے تاکہ قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جا سکے







