سٹاف رپورٹر
پشین: تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع پشین کے علاقے خانئی بابا میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 9 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق ہلاک کیے گئے دہشت گرد مختلف سنگین مقدمات میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ علاقے کو گھیرے میں لے کر مکمل تلاشی لی گئی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو ناکام بنایا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف ایسی کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ بلوچستان کو مکمل طور پر پرامن بنایا جا سکے۔