نیوز ڈیسک
کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے پارلیمانی لیڈر میر محمد صادق عمرانی نے کوئٹہ وائس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) بلوچستان مخلوط حکومت کا حصہ نہیں بنے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے درمیان پرانے اور خوشگوار تعلقات ہیں، تاہم ان کے علم میں حکومت کی مدت کو ڈھائی، ڈھائی سال تقسیم کرنے سے متعلق کسی معاہدے کا وجود نہیں۔
میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ انہیں اس بات کی بھی کوئی اطلاع نہیں کہ سردار عبدالرحمن کھیتران سے وزارت کا قلمدان واپس لیا جا رہا ہے۔
بلوچستان کے مسئلے کے حل سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس مسئلے کا پائیدار حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ فریقوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ میر سرفراز بگٹی غصہ نہیں کرتے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار کوئٹہ وائس کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں کیا۔







