محکمہ اطلاعات بلوچستان کا ایک اہم اجلاس کوئٹہ میں منعقد ہوا جس میں ڈیجیٹل پالیسی 2026 میں مجوزہ ترامیم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کی صدارت سیکریٹری اطلاعات عمران خان نے کی جبکہ ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز عسکر خان سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران بلوچستان کی ڈیجیٹل پالیسی 2026 کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے، ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ اور حکومتی پالیسیوں کو مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کے مؤثر استعمال سے حکومت اور عوام کے درمیان رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے اور حکومتی اقدامات اور ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں عوام کو بروقت آگاہی فراہم کی جا سکتی ہے۔
اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات عمران خان اور ڈی جی پی آر عسکر خان نے کہا کہ ڈیجیٹل پالیسی 2026 کے نفاذ کا بنیادی مقصد حکومتی پالیسیوں اور اقدامات کو جدید اور مؤثر انداز میں عوام تک پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پالیسی کے ذریعے نوجوانوں کے لیے بہتر روزگار کے مواقع پیدا کیے جائیں گے اور انہیں جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کیا جائے گا تاکہ وہ ڈیجیٹل معیشت میں اپنا مثبت کردار ادا کر سکیں۔
اجلاس میں کہا گیا کہ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مہارتوں سے لیس کر کے نہ صرف باعزت روزگار فراہم کیا جا سکتا ہے بلکہ انہیں مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کر کے معاشرے کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ڈیجیٹل پالیسی 2026 کو مزید مؤثر اور جامع بنایا جائے گا تاکہ حکومت کی کارکردگی، عوامی آگاہی اور بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ڈیجیٹل شعبے میں نئے مواقع پیدا کیے جا سکیں۔






