علی خان مندوخیل:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے ژوب میں قبائلی عمائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ضلع شیرانی کی حیثیت سے متعلق پھیلائی جانے والی افواہوں میں کوئی حقیقت نہیں اور حکومت نے اب تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا۔
انہوں نے ژوب آمد پر عوام اور قبائلی رہنماؤں کی جانب سے ملنے والے پرجوش استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ شیرانی کو ختم کرنے یا اس کی انتظامی شناخت تبدیل کرنے کا تاثر غلط فہمی پر مبنی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ ضلع شیرانی کی موجودہ حیثیت برقرار ہے اور عوامی نمائندوں اور مقامی آبادی کو اعتماد میں لیے بغیر کوئی بھی قدم نہیں اٹھایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شیرانی سے متعلق معاملات پر جلد ہی متعلقہ رکن صوبائی اسمبلی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ دوبارہ مشاورت کی جائے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ صوبائی حکومت فیصلے انتظامی بہتری، شفاف طرزِ حکمرانی اور عوامی سہولت کو سامنے رکھ کر کرتی ہے، نہ کہ کسی دباؤ یا قیاس آرائی کی بنیاد پر۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے تمام اضلاع کی یکساں اور متوازن ترقی حکومت کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے اور اس مقصد کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں







