بلوچستان: کی موجودہ صورتحال کے تناظر میں سیاسی کشیدگی میں کمی کی جانب ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں حکومتی وفد اور آل پارٹیز کے نمائندہ وفد کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے بعد صوبہ بھر میں جاری احتجاج ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔ یہ فیصلہ خیرسگالی کے جذبے کے تحت کیا گیا، جبکہ حکومتِ بلوچستان نے احتجاج کے دوران گرفتار کیے گئے تمام ملازمین کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ملاقات میں مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی، جن میں عوامی نیشنل پارٹی، نیشنل پارٹی، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی، پاکستان تحریک انصاف اور دیگر سیاسی و سماجی نمائندے شامل تھے۔ آل پارٹیز وفد میں عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی، نیشنل پارٹی کے مرکزی نائب صدر ڈاکٹر اسحاق بلوچ، پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصر اللہ خان زیرے، پاکستان تحریک انصاف کے سلام آغا، ایچ ڈی پی کے رہنما عصمت یاری، اے این پی کے ثنا اللہ کاکڑ، نیشنل پارٹی کے میر عنایت بزدار، ملازمین کے نمائندے اسماعیل کاسی اور نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کے عنایت شاہ شامل تھے۔

حکومتِ بلوچستان کی جانب سے قائم مجاز کمیٹی کی نمائندگی صوبائی وزیر خزانہ و معدنیات میر شعیب نوشیروانی، صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید درانی، صوبائی وزیر علی مدد جتک، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید اقبال شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری عمران زرکون اور اسپیشل سیکریٹری خزانہ عارف خان اچکزئی نے کی۔

مذاکرات کے دوران آل پارٹیز وفد نے صوبے میں امن و استحکام کے پیش نظر احتجاج ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کیا، جس کے جواب میں حکومت نے گرفتار ملازمین کی رہائی پر آمادگی ظاہر کی۔ فریقین کے درمیان یہ بھی طے پایا کہ 12 فروری کو آل پارٹیز قیادت اور حکومتی کمیٹی کا ایک اور اجلاس ہوگا، جس میں التوا کا شکار تمام مسائل کے حل کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی۔ اس پیش رفت کو بلوچستان میں سیاسی مکالمے اور اعتماد سازی کی جانب ایک مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

About the Author

Quetta Voice is an English Daily covering all unfolding political, economic and social issues relating to Balochistan, Pakistan's largest province in terms of area. QV's main focus is on stories related to education, promotion of quality education and publishing reports about out of school children in the province. QV has also a vigilant eye on health, climate change and other key sectors.