کوئٹہ: بلوچستان میں شفاف طرزِ حکمرانی کی جانب ایک اہم پیش رفت کرتے ہوئے محکمہ خزانہ نے پہلی بار مکمل طور پر ڈیجیٹل اور میرٹ پر مبنی بھرتیوں کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ آن لائن امتحان کے ذریعے سب اکاؤنٹنٹ (بی پی ایس-14) کی 111 خالی اسامیوں پر تقرری عمل میں لائی گئی، جو صوبے کی انتظامی تاریخ میں ایک نمایاں سنگِ میل ہے۔
اس منفرد اقدام کے تحت امیدواروں نے آن لائن ٹیسٹ دیا، اسی روز نتائج جاری کیے گئے اور کامیاب امیدواروں کو فوری طور پر تقرری کے احکامات بھی دے دیے گئے۔ تیز رفتار اور شفاف عمل نے سرکاری ملازمتوں میں شفافیت اور اہلیت کے نئے معیار قائم کیے ہیں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے عہدہ سنبھالنے کے بعد صوبائی اسمبلی میں پہلی تقریر میں واضح کیا تھا کہ سرکاری نوکریاں نہ فروخت ہوں گی اور نہ ہی سیاسی مفادات کے لیے استعمال کی جائیں گی۔ اس بھرتی عمل کو ان کے اس وعدے کی عملی تعبیر قرار دیا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق ڈیجیٹل نظام کے باعث سفارش، اقربا پروری اور بیرونی مداخلت کے امکانات کم سے کم ہو گئے۔ آن لائن ٹیسٹنگ، براہِ راست نگرانی اور فوری نتائج نے اس امر کو یقینی بنایا کہ امیدواروں کا انتخاب صرف میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر ہو۔
17 جنوری 2026 کو صوبے بھر سے 5 ہزار 900 سے زائد امیدواروں نے کوئٹہ میں بوستان یونیورسٹی آف انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اینڈ مینجمنٹ سائنسز میں آن لائن ٹیسٹ میں حصہ لیا۔ ابتدائی طور پر درپیش معمولی تکنیکی مسائل کو فوری طور پر حل کر لیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ جعلی امیدواروں کی کوششوں کو بھی ناکام بنایا گیا جبکہ میڈیا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں کو عمل کی نگرانی کی اجازت دی گئی۔







