بلوچستان میں خواتین اور طالبات کے لیے محفوظ اور باوقار سفری سہولت فراہم کرنے کی غرض سے خصوصی پنک بس سروس کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ میر ثرفراز بگٹی کے مطابق یہ اقدام خواتین کی روزمرہ آمدورفت کو آسان بنانے کے ساتھ ساتھ انہیں بہتر تحفظ اور احترام فراہم کرنے کے لیے شروع کیا گیا ہے، اور صوبائی حکومت اس خدمت کو مستقل بنیادوں پر جاری رکھنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ منصوبے کے اگلے مرحلے میں پنک بس سروس کو دیگر اضلاع تک بھی توسیع دی جائے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔
سرکاری حکام کا کہنا ہے کہ اس سروس کے ذریعے خواتین کی تعلیم، روزگار اور صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر ہونے کی توقع ہے، جبکہ یہ اقدام محفوظ پبلک ٹرانسپورٹ کے حوالے سے حکومت کی وسیع اصلاحاتی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔
میر ثرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے کوششیں جاری ہیں، اور اس حوالے سے اعلان انہوں نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے پیغام میں کیا۔







