سٹاف رپورٹر:
کوئٹہ: صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے محکمہ موسمیات کی تازہ پیشگوئی کے بعد بلوچستان کے مختلف اضلاع کے لیے موسمیاتی الرٹ جاری کر دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایک مغربی سسٹم 29 دسمبر کی رات سے ملک کے مغربی حصوں میں داخل ہوگا، جس کی شدت 30 دسمبر کی صبح سے بڑھنے کا امکان ہے۔
یہ سسٹم 31 دسمبر تک ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں کو متاثر کر سکتا ہے اور بعض پہاڑی علاقوں میں اس کے اثرات جنوری 2026 تک برقرار رہنے کی توقع ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق بلوچستان کے کئی اضلاع — جن میں کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، چاغی، ہرنائی، بارکھان، سبی، لورالائی، موسیٰ خیل، دکی، قلعہ سیف اللہ، نوشکی، گوادر، خضدار، قلات، مستونگ، کچھی، واشک، خاران، سوراب، ژوب اور شیرانی — میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بلند مقامات پر برفباری کا امکان ہے۔
محکمہ نے متنبہ کیا ہے کہ بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی اور سڑکوں پر پھسلن پیدا ہو سکتی ہے، جس سے آمد و رفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے جہانزیب خان غوریزئی نے شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تیز بارش، آندھی یا برف باری کے دوران عوام اور کسان محفوظ مقامات پر رہیں اور صورتحال سے آگاہ رہیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ تمام ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکمے ممکنہ ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں اور ضرورت پڑنے پر فوری اقدامات یقینی بنائیں







