نمائندہ خصوصی :
کوئٹہ: مشکاف اور سبی کے درمیان ریلوے ٹریک پر نصب دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں تین فٹ سے زائد ریلوے ٹریک تباہ ہو گیا، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی خدشات کے باعث ٹرین سروس متاثر ہوئی۔
ریلوے حکام کے مطابق دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی ٹیمیں اور ریلوے عملہ جائے وقوعہ پر پہنچا اور متاثرہ ٹریک کی مرمت کا عمل شروع کیا گیا۔ دوسری جانب کوئٹہ اور کولپور کے درمیان ریلوے ٹریک پر بھی دھماکہ ہوا، تاہم وہاں ٹریک محفوظ رہا اور کسی قسم کا نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کلیئرنس نہ ملنے کے باعث کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس اور کوئٹہ سے کراچی جانے والی بولان میل کو احتیاطاً منسوخ کر دیا گیا، جس کے باعث ریلوے اسٹیشنوں پر موجود مسافروں میں خوف و ہراس اور بے چینی پھیل گئی۔
ریلوے عملے نے مسافروں کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ایمرجنسی انتظامات کیے اور عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلان کیا کہ ہفتہ کے روز کوئٹہ سے جعفر ایکسپریس اسپیشل صبح 8 بجے روانہ ہوگی جبکہ ایک اور جعفر ایکسپریس اپنی مقررہ وقت پر چلائی جائے گی، بشرطیکہ سیکیورٹی کلیئرنس حاصل ہو جائے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق جعفر ایکسپریس ماضی میں بھی بولان کے پہاڑی علاقوں میں بارہا حملوں کا نشانہ بنتی رہی ہے، جبکہ گزشتہ سال اسی روٹ پر ٹرین کو اغوا کیے جانے کا واقعہ بھی پیش آ چکا ہے، جس کے باعث اس ریلوے لائن کی سیکیورٹی پہلے ہی حساس سمجھی جاتی ہے






