سوئی: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم، کردار سازی اور ہمہ جہت تربیت وہ بنیادی ستون ہیں جن پر مضبوط قوموں کی تعمیر ہوتی ہے، اور اس قومی مقصد کے حصول میں ملٹری کیڈٹ کالجز کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔
ملٹری کالج سوئی میں یومِ والدین کی سالانہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایسے ادارے نہ صرف طلبہ کو اعلیٰ تعلیمی معیار فراہم کرتے ہیں بلکہ ان میں نظم و ضبط، قیادت، حب الوطنی اور قومی ذمہ داری کا شعور بھی اجاگر کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملٹری کالج سوئی بلوچستان کے نوجوانوں کو جدید تعلیم، عملی تربیت اور مثبت اقدار سے ہم آہنگ کر رہا ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے والدین کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ بچوں کی تعلیمی اور اخلاقی کامیابی میں والدین کی رہنمائی، محنت اور قربانیاں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یومِ والدین جیسی تقاریب والدین اور تعلیمی اداروں کے درمیان اعتماد اور رابطے کو مضبوط بناتی ہیں۔
انہوں نے کیڈٹس کی تعلیمی کارکردگی، نظم و ضبط اور ہم نصابی سرگرمیوں میں نمایاں کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے درست رہنمائی اور سازگار ماحول فراہم کر کے قومی اثاثہ بنایا جا سکتا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور شخصیت سازی کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور ملٹری کالج سوئی جیسے اداروں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ملٹری کالج سوئی کے سالِ دوئم کے طلبہ کو لیپ ٹاپ فراہم کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ کالج کی سولرائزیشن، اندرونی سڑکوں کی تعمیر و مرمت، آؤٹ ڈور اسپورٹس کمپلیکس اور نئے پریڈ گراؤنڈ کی تعمیر بھی کی جائے گی۔
اس موقع پر کمانڈنٹ ملٹری کالج سوئی بریگیڈیئر محمد عامر اعجاز نے کالج کی مجموعی کارکردگی اور آئندہ ترقیاتی منصوبوں سے آگاہ کیا اور صوبائی حکومت کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔






