سید سردار محمد موندی:
چمن – کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے منگل کے روز پاک۔افغان سرحد کے قریب چمن کے علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چھ اینٹی ٹینک بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا۔
سی ٹی ڈی کے ترجمان کے مطابق تخریب کار یہ بارودی مواد اندرونِ بلوچستان منتقل کرکے دہشت گردی کی کارروائیاں کرنا چاہتے تھے۔ خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر سی ٹی ڈی نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بڑے دہشت گرد منصوبے کو ناکام بنا دیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان نے دھماکا خیز مواد ایک دور افتادہ مقام پر چھپا رکھا تھا۔ کارروائی کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، جبکہ برآمد شدہ مواد کو فارنزک معائنے کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
سی ٹی ڈی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعے کی جامع تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ دہشت گرد نیٹ ورک تک پہنچا جاسکے






