وزیرِاعلیٰ بلوچستان کی تربت میں نیشنل پارٹی قیادت سے ملاقات، پارٹی نے 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت دہرا دی

تربت:وزیرِاعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی وفاقی وزراء کے ہمراہ تربت پہنچے، جہاں انہوں نے نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے تفصیلی ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق یہ ملاقات کئی گھنٹے جاری رہی جس میں ستائیسویں آئینی ترمیم پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ حکومتی وفد نے وزیرِاعظم پاکستان میاں شہباز شریف کا خصوصی پیغام پہنچایا اور نیشنل پارٹی سے اس ترمیم کی حمایت کی درخواست کی۔

تاہم، نیشنل پارٹی کی قیادت نے فوری طور پر کوئی حتمی مؤقف اختیار نہیں کیا اور کہا کہ پارٹی مشاورت کے بعد فیصلہ کرے گی۔ پارٹی رہنماؤں نے واضح کیا کہ نیشنل پارٹی پہلے ہی 27ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کرچکی ہے اور اسے جمہوری اصولوں اور پارلیمانی بالادستی کے منافی قرار دیا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے ہمراہ آنے والے وفد میں وفاقی وزراء طارق فضل چوہدری اور رانا ثناء اللہ شامل تھے، جبکہ ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ بھی موجود تھے۔

دوسری جانب نیشنل پارٹی کی جانب سے مرکزی سیکریٹری جنرل اور سابق سینیٹر میر کبیر محمد شاہی، سینیٹر جان محمد بلیدی، ایم این اے پچھلین بلوچ، ایم پی ایز خیر جان بلوچ اور رحمت صالح بلوچ، سابق سینیٹر خدا اکرم دشتی، حاجی فدا حسین دشتی، میر حمل بلوچ، واجہ ابوالحسن، ڈاکٹر نور بلوچ، محمد جان دشتی، میئر کیچ بلخ شیر قاضی، بجار بلوچ اور دیگر سینئر رہنما شریک ہوئے۔

سیاسی مبصرین کے مطابق یہ ملاقات بلوچستان کی سیاسی فضا میں ایک اہم پیش رفت ہے، جس کے اثرات آئندہ پارلیمانی فیصلوں اور صوبائی سیاسی اتحادوں پر مرتب ہوسکتے ہیں۔ نیشنل پارٹی کا حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

About the Author

Quetta Voice is an English Daily covering all unfolding political, economic and social issues relating to Balochistan, Pakistan's largest province in terms of area. QV's main focus is on stories related to education, promotion of quality education and publishing reports about out of school children in the province. QV has also a vigilant eye on health, climate change and other key sectors.