نیوز ڈیسک
کوئٹہ — سوشل میڈیا اور مقامی ذرائع پر چلنے والی خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) نے اعلان کیا ہے کہ کوئٹہ میں 8 نومبر سے رات 10 بجے کے بعد گیس لوڈشیڈنگ ختم کر دی جائے گی۔
مبینہ طور پر ترجمان ایس ایس جی سی کے حوالے سے کہا گیا کہ سردی کے آغاز، عوامی مشکلات اور بیماریوں میں اضافے کے باعث یہ فیصلہ شہریوں کو سہولت دینے کے لیے کیا گیا ہے۔ خبر کے مطابق، شہری رات 12 بجے تک گیس کا استعمال کر سکیں گے جبکہ صبح 5 بجے سے گیس فراہمی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔
تاہم، سوئی سدرن گیس کمپنی (SSGC) کے حکام نے اس خبر کی واضح تردید کر دی ہے۔ کمپنی کے مطابق گیس لوڈشیڈنگ ختم کرنے سے متعلق کوئی باضابطہ فیصلہ یا اعلامیہ جاری نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب، کوئٹہ وائس نے ترجمان ایس ایس جی سی سلمان صدیقی سے مؤقف لینے کی متعدد بار کوشش کی، لیکن انہوں نے حسبِ روایت کوئی جواب نہیں دیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر خبر درست ثابت ہوتی تو یہ سردیوں میں گیس بحران سے نجات کی بڑی امید ہوتی، تاہم ایس ایس جی سی کی تردید کے بعد معاملہ مزید غیر واضح ہو گیا ہے۔







