چاغی (ویب ڈیسک): چاغی میں پولیس نے پاک افغان سرحدی علاقے برابچہ میں کارروائی کرتے ہوئے دس ایکڑ سے زائد رقبے پر کاشت پوست کی فصل تلف کر دی۔ کارروائی ایس پی چاغی محمد شریف کی سربراہی میں کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر برابچہ کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مشینری کی مدد سے پوست کی فصل کو تباہ کر دیا، جبکہ بعض افراد کو حراست میں بھی لیا گیا۔
ایس پی محمد شریف کے مطابق ضلع بھر میں پوست کی کاشت پر مکمل پابندی عائد ہے، اور کسی کو بھی اس غیر قانونی عمل کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس اور فورسز کو متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ ضلع میں پوست کی کاشت کو مکمل طور پر روکا جا سکے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے پوست کاشت کرنے کی کوشش کی تو نہ صرف فصل تباہ کی جائے گی بلکہ کاشتکار کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایس پی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں پوست کی کاشت یا منشیات کی سرگرمیوں کی نشاندہی کریں تاکہ ان کے خلاف فوری کارروائی کی جا سکے۔
دوسری جانب عوامی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کارروائیاں امیر و غریب سب کے خلاف برابر کی بنیاد پر ہونی چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف چند افراد کی فصل تلف کر کے کریڈٹ لینا اور بااثر افراد کو چھوڑ دینا ناانصافی ہوگی۔ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔







