سٹاف رپورٹر:
کوئٹہ کے علاقے لہڑی آباد میں خلیل کے مقام پر ایک شخص کی لاش ملنے کے بعد سامنے آنے والے قتل کے کیس نے حیران کن موڑ لے لیا، جب تفتیش کے دوران انکشاف ہوا کہ مقتول کو اس کے اپنے سگے بھائی نے ہی قتل کیا تھا۔
پولیس کے مطابق، مقتول حبیب اللہ ولد نظام الدین کی لاش ایک میدان سے برآمد ہوئی تھی، جس پر تھانہ شالکوٹ میں نامعلوم ملزمان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا گیا۔ بعد ازاں کیس کو مزید تفتیش کے لیے اسپیشل کرائم انویسٹی گیشن وِنگ (SCIW) کے حوالے کیا گیا۔
ایس سی آئی ڈبلیو کی ٹیم نے جدید تکنیکی شواہد، خفیہ اطلاعات اور فیلڈ انکوائریز کی بنیاد پر تحقیقات آگے بڑھائیں۔ دورانِ تفتیش، شواہد نے مقتول کے بھائی رحیب ولد نظام الدین کی طرف اشارہ کیا، جسے بعد ازاں گرفتار کر لیا گیا۔
ابتدائی پوچھ گچھ میں ملزم نے اعتراف کیا کہ گھریلو تنازعے کے باعث اُس نے اپنے بھائی کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پر آلۂ قتل بھی برآمد کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، یہ واقعہ گھریلو جھگڑوں کے سنگین نتائج کی ایک اور مثال ہے۔ مزید قانونی کارروائی جاری ہے







