تربت (بلوچستان) – ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ قاتلانہ حملے میں بال بال بچ گئے، جب ان کے قافلے کو موٹر سائیکل میں نصب بم دھماکے سے نشانہ بنایا گیا۔ واقعے میں چھ لیویز اہلکار زخمی ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق یہ حملہ اس وقت پیش آیا جب ڈپٹی کمشنر تحصیلدار کے دفتر سے اپنے دفتر واپس جا رہے تھے کہ اچانک قریب کھڑی موٹر سائیکل دھماکے سے پھٹ گئی۔
دھماکے کے نتیجے میں ڈپٹی کمشنر بڑیچ محفوظ رہے، تاہم ان کے چھ محافظ زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر سیول ہسپتال تربت منتقل کر دیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جارہی ہے۔
واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں اور مقامی انتظامیہ نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تلاش اور آپریشن شروع کر دیا۔ حملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔
دھماکے کے بعد سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے جبکہ علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔







