نمائندہ خصوصی :
پنجگور: صوبائی اسمبلی کے رکن اور نیشنل پارٹی کے رہنما رحمت صالح کے بھائی کو جمعہ کے روز نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق مقتول ولید صالح، جو ایم پی اے رحمت صالح کے چھوٹے بھائی تھے، چتکان علاقے میں اپنے گھر کے گیٹ پر کھڑے تھے جب نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ معلوم ہوتا ہے تاہم وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہوسکا۔
مقتول کی لاش کو ضروری کارروائی کے بعد اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ علاقے میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
نیشنل پارٹی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے کارکن اور ایم پی اے رحمت صالح کے بھائی کا قتل قابلِ مذمت ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے قاتلوں کو فوری گرفتار کریں اور متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے۔
نیشنل پارٹی کے ترجمان نے کہا کہ اس طرح کے واقعات بلوچستان میں امن کو نقصان پہنچانے اور جمہوری قوتوں کو کمزور کرنے کی سازش ہیں۔ پارٹی نے عزم ظاہر کیا کہ وہ جمہوری اور پرامن جدوجہد کو جاری رکھے گی







