کوئٹہ، 18 اکتوبر:
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سانحہ کارساز کی 18ویں برسی کے موقع پر جمہوریت کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم اور دردناک واقعہ ہے، جہاں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے قافلے پر حملہ دراصل جمہوری جدوجہد اور عوامی استقامت پر ایک سنگین حملہ تھا۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جمہوریت کی بقا کے لیے 150 سے زائد کارکنوں نے اپنی جانوں کی قربانی دی، جبکہ سینکڑوں زخمی کارکن آج بھی اس قربانی اور عزم کی یاد دلاتے ہیں جس کا مقصد عوامی بالادستی اور جمہوری نظام کا استحکام تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے اپنی زندگی عوامی حقوق، جمہوری اصولوں اور وفاق کی مضبوطی کے لیے وقف کر دی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی جدوجہد اور قربانی نے پاکستان کی سیاست میں جمہوری استقامت کو نئی سمت دی۔ سانحہ کارساز کے شہداء نے اپنے خون سے جمہوریت کی شمع کو روشن رکھا، اور آج کا پاکستان اسی استقامت کا مظہر ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان حکومت ملک میں سیاسی برداشت، جمہوری روایات اور قومی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی قربانیوں کو قومی وحدت اور جمہوری عزم کی علامت قرار دیتے ہوئے شہید محترمہ بینظیر بھٹو، ان کے ساتھیوں اور شہداء کے خاندانوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ سانحہ کارساز کی یاد ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ جمہوریت صرف قربانی، استقامت اور عوامی خدمت کے جذبے سے ہی قائم رہ سکتی ہے







