سٹاف رپورٹر:
فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) بلوچستان زون کے اینٹی کرپشن سرکل اور اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کوئٹہ نے مشترکہ کارروائی کے دوران ایک نوسر باز کو گرفتار کرلیا جو خود کو ایف آئی اے کا اسسٹنٹ ڈائریکٹر ظاہر کرکے مختلف سرکاری دفاتر سے رقوم بٹورتا تھا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق، ملزم بشیر احمد کو ڈپٹی کمشنر آفس کوئٹہ کے قریب سے چھاپہ مار کارروائی کے دوران گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزم کے قبضے سے جعلی تقرری لیٹر، مختلف جعلی دستاویزات، دو موبائل فون، پاکستانی و افغانی پاسپورٹ، دو اے ٹی ایم کارڈز اور 9 ایم ایم پستول برآمد کیے گئے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم کو ابتدائی تفتیش کے بعد اینٹی کرپشن سرکل کوئٹہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ ملزم کے ممکنہ نیٹ ورک اور دیگر سہولت کاروں کا سراغ لگایا جا سکے







