خاران نیوز اپ ڈیٹ: خاران کے علاقے مسکان قلات میں نامعلوم مسلح افراد نے تحصیل عدالت پر حملہ کر دیا۔ مقامی ذرائع کے مطابق، حملہ آوروں نے عدالت کے اندر موجود متعدد سرکاری دفاتر کو آگ لگا دی۔
عینی شاہدین کے مطابق، مسلح افراد نے عدالت میں موجود ایک شخص کو، جو قاضی بتایا جاتا ہے، اغوا کر لیا۔ حملہ آور عدالت میں موجود ایک گاڑی بھی اپنے ساتھ لے گئے اور کارروائی کے بعد موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
واقعے کے بعد سیکیورٹی فورسز اور ضلعی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی، علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم حملے کی وجوہات اور پس منظر کی تحقیقات جاری ہیں۔
واقعے نے خاران اور گردونواح میں سیکیورٹی خدشات میں اضافہ کر دیا ہے۔ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہوشیار رہیں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔







