نیوز ڈیسک
کوئٹہ — وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز احمد بگٹی کے وژن اور ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ مجیب الرحمٰن قمبرانی کی خصوصی ہدایت پر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ (MCQ) نے بلڈنگ رولز 2022 پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے شہر بھر میں غیر قانونی اور غیر منظور شدہ تعمیرات کے خلاف مؤثر کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔
چیف انسداد تجاوزات سیل دلاور خان کی سربراہی میں ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں معائنے کے دوران متعدد خلاف ورزیاں بے نقاب کیں اور موقع پر ہی قانونی کارروائی عمل میں لائی۔
ترجمان میٹروپولیٹن کارپوریشن کے مطابق خلاف ورزیاں درج ذیل مقامات پر پائی گئیں:
1. علی بھائی روڈ (سیوک سینٹر پلازہ کے قریب) — خلاف ورزی: ڈبل بیسمنٹ، بغیر منظور شدہ نقشہ
2. خداداد روڈ (دبئی میریج ہال کے سامنے) — خلاف ورزی: بغیر منظور شدہ نقشہ
3. کواری روڈ پلازہ — خلاف ورزی: ڈبل بیسمنٹ، بغیر منظور شدہ نقشہ
4. مسجد روڈ (اپوا اسکول کے قریب) — خلاف ورزی: ڈبل بیسمنٹ، بغیر منظور شدہ نقشہ
5. کریم الدین اسٹریٹ (گردت سنگھ روڈ) — خلاف ورزی: بغیر منظور شدہ نقشہ
6. مسجد روڈ پر متعدد دکانیں — خلاف ورزی: بغیر منظور شدہ نقشہ
میٹروپولیٹن کارپوریشن نے تمام غیر قانونی تعمیراتی سرگرمیوں کو فوری طور پر بند کر دیا ہے، جبکہ متعلقہ ذمہ داران کو نوٹسز جاری کر کے قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایڈمنسٹریٹر مجیب الرحمٰن قمبرانی نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات نہ صرف شہر کے حسن کو متاثر کرتی ہیں بلکہ عوامی سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔ چونکہ کوئٹہ ایک حساس زلزلہ خیز (Seismic) زون میں واقع ہے، اس لیے بلڈنگ رولز 2022 کے تحت ڈبل بیسمنٹ کی تعمیر سختی سے ممنوع ہے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ “قانون کی عملداری، شہریوں کا تحفظ اور منظم شہری ترقی ہماری اولین ترجیح ہے۔”
مزید کہا کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ محفوظ اور پائیدار شہری ترقی کے لیے سرگرم عمل ہے، اور بلڈرز، انجینئرز اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ تعمیرات سے قبل تمام قانونی تقاضے مکمل کریں تاکہ کوئٹہ کی ترقی مضبوط اور محفوظ بنیادوں پر جاری رہ سکے۔







