کوئٹہ : ایجوکیشن ڈیسک :
محکمہ تعلیم بلوچستان نے جعلی تعلیمی ڈگریاں جمع کرانے والے امیدواروں کے خلاف بڑی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق SBK/کنٹریکٹ بھرتیوں کے دوران کئی امیدوار جعلی ڈگریوں کے ذریعے نوکری حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے، جن کی نشاندہی کے بعد فوری طور پر انہیں نااہل قرار دے دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی امیدوار کی ڈگری یا سرٹیفکیٹ جعلی ثابت ہوا تو نہ صرف اس کی نوکری ختم کر دی جائے گی بلکہ اس دوران ملنے والی تمام تنخواہیں بھی واپس وصول کی جائیں گی۔
اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ امیدوار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور آئندہ 5 سال تک کسی بھی سرکاری نوکری کے لیے درخواست دینے پر مکمل پابندی ہوگی۔
مزید ہدایت کی گئی ہے کہ بھرتیوں کے دوران تعلیمی اسناد کی سختی سے جانچ پڑتال کی جائے تاکہ مستقبل میں کسی امیدوار کو جعلی ڈگری کے ذریعے نوکری حاصل کرنے کا موقع نہ مل سکے۔
یہ اقدام بلوچستان میں شفاف بھرتیوں اور میرٹ کے فروغ کی جانب ایک بڑا قدم قرار دیا جا رہا ہے۔







