سردار محمد خوندئ :
چمن – پاک افغان سرحد چمن پر ہونے والے دھماکے کے بعد حکام نے بدھ کے روز سرحد کو ہر قسم کی آمد و رفت کے لیے مکمل طور پر بند کر دیا۔ اس واقعے میں 6 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
سرحد کی بندش کے باعث پاکستان سے ہجرت کرنے والے سینکڑوں افغان خاندان شدید گرمی میں محصور ہیں اور انہیں خوراک، پانی اور دیگر بنیادی سہولیات کی کمی کا سامنا ہے۔ دوسری جانب گاڑیوں کی طویل قطاریں بھی لگ گئی ہیں جس سے صورتحال مزید سنگین ہوگئی ہے۔
حکام کے مطابق دھماکے کے بعد سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے، فوجی اہلکار ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ تحقیقاتی ٹیم جائے وقوعہ پر موجود ہے۔ اعلیٰ افسران کی آمد بھی متوقع ہے۔
ذمہ دار ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحد اس وقت تک بند رہے گی جب تک تفتیش مکمل نہیں ہو جاتی اور سیکیورٹی صورتحال اطمینان بخش قرار نہیں دی جاتی۔







