:نیوز ڈیسک
کوئٹہ – وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بلوچستان ریزیڈنشل کالج (بی آر سی) لورالائی کا نام باضابطہ طور پر شہید کیپٹن وقار احمد کاکڑ کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا، تاکہ نوجوان افسر کی ملک کے لیے دی گئی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا سکے۔ اس فیصلے کے بعد محکمہ ہائر ایجوکیشن بلوچستان کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔
وزیراعلیٰ نے یہ اعلان اپنے دورۂ لورالائی کے موقع پر کیا، جہاں انہوں نے شہید کیپٹن وقار احمد کاکڑ کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور تعزیت کا اظہار کیا۔
اس موقع پر شہید کے والد نے کہا کہ انہوں نے مشکل حالات میں اپنے بیٹے کو تعلیم دلوائی، اور وقار کی محنت کا صلہ پہلی پوزیشن کی صورت میں ملا۔ ان کی خواہش ہے کہ کالج کو بیٹے کے نام سے منسوب کیا جائے تاکہ ان کی قربانی ہمیشہ یاد رکھی جائے۔
شہید کے بھائی نے رقت آمیز انداز میں کہا کہ انہوں نے 25 برس وقار کو کسی عہدے کے لیے نہیں بلکہ ملک کی خاطر قربانی کے لیے تیار کیا، اور وہ ہمیشہ ریاست کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ کے اعلان کے بعد محکمہ ہائر ایجوکیشن نے فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کالج کا نام باضابطہ طور پر شہید کیپٹن وقار احمد کاکڑ ریزیڈنشل کالج لورالائی رکھ دیا۔







