کوئٹہ :
بلوچستان حکومت نے صوبے میں ہم آہنگی اور شمولیت کو فروغ دینے کے لیے اہم اقدامات اٹھاتے ہوئے پہلی مرتبہ ٹرانس جینڈر پالیسی کی منظوری دے دی، اقلیتوں کے لیے انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا اور صوبے بھر میں نفرت انگیز مواد کی اشاعت و ترویج پر پابندی عائد کردی۔ جمعہ کے روز وزیرِاعلیٰ میر سرفراز بگٹی کی زیرصدارت ہونے والے انیسویں کابینہ اجلاس میں یہ فیصلے کیے گئے۔ وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ یہ اقدامات عوامی مفاد اور پائیدار ترقی کی ضمانت ہیں اور حکومت عملی اصلاحات کے ذریعے خواتین، اقلیتوں اور ٹرانس جینڈر کمیونٹی سمیت پسماندہ طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہے۔
کابینہ نے صحت، تعلیم اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی بھی منظوری دی، جن میں دالبندین میں جدید اسپتال کا قیام، طبی فضلے کے محفوظ انتظام کے نئے قواعد اور نئی تحصیلوں کا قیام شامل ہیں۔ تاریخی اضلاع کے پرانے نام بھی بحال کیے گئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ فیصلے شفافیت، اچھی حکمرانی اور بلوچستان کے روشن مستقبل کی عکاسی کرتے ہیں