کوئٹہ (پریس ریلیز) اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ بلوچستان نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سابق ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بابر بگٹی اور سابق ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر مارگٹ کو جعلی بھرتیوں اور غیرقانونی تقرریوں کے الزامات پر گرفتار کرلیا۔ دونوں افراد کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کرپشن کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔
ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بلوچستان غلام عباس اور ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل احمد عمر بلوچ کی نگرانی میں ہونے والی تحقیقات سے انکشاف ہوا کہ 15 جون 2023 کو محکمہ ایجوکیشن میں 36 غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں، جنہیں سرکاری خزانے پر بوجھ ڈال کر عمل میں لایا گیا۔ یہ بھرتیاں رولز اینڈ ریگولیشنز ایکٹ 1991 کی خلاف ورزی ثابت ہوئیں۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ اس وقت کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن بابر بگٹی اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر مارگٹ نے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا۔ شواہد کی روشنی میں دونوں افسران کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔