قسم شاہ : کوئٹہ، 5 ستمبر 2025ء

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعات سے عوام کے حوصلے پست نہیں ہوں گے، بلوچستان کے لوگ بہادر ہیں اور ہمیشہ ایسے عناصر کے عزائم ناکام بناتے رہے ہیں جو صوبے میں بدامنی چاہتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات بلوچستان اسمبلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

سریاب روڈ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا انتہائی افسوسناک اور بزدلانہ عمل ہے۔ ان کے مطابق دہشت گرد نہ کسی قبیلے سے تعلق رکھتے ہیں اور نہ ہی کسی قوم سے، ان کا مقصد صرف خونریزی اور خوف پھیلانا ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو معاوضے کی ادائیگی جلد یقینی بنائی جا رہی ہے اور حکومت مشکل وقت میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پرامن احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے، تاہم تشدد کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ سردار اختر مینگل پر حملے کے بارے میں پوچھے گئے سوال پر انہوں نے وضاحت کی کہ ان کی گفتگو اپوزیشن لیڈر یونس زہری سے صرف سیاسی قیادت کو لاحق خطرات پر ہوئی تھی۔

انٹرنیٹ کی معطلی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد بعض اوقات آن لائن ذرائع کو اپنے مقاصد کے لیے استعمال کرتے ہیں، اسی وجہ سے یہ قدم ناگزیر ہوجاتا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ صوبے میں سیاسی جماعتوں کو اپنے جلسے مغرب تک ختم کرنے ہوں گے تاکہ امن و امان برقرار رہے اور عوام کو سہولت مل سکے۔

زیارت کے قبائلی تنازعے پر بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ وہاں مسائل کے حل کے لیے جرگہ بلایا جا رہا ہے تاکہ باہمی اتفاق سے تنازع ختم ہو۔ انہوں نے کہا کہ دریائے سندھ میں پانی کی صورتحال پر حکومت مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور فی الحال بلوچستان کو سیلاب کا خطرہ نہیں ہے۔

وزیراعظم پاکستان کے حالیہ دورہ چین پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ یہ دورہ انتہائی کامیاب رہا اور اس سے پاکستان کے عالمی تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق بعض حلقے پاکستان کو دنیا میں تنہا دکھانے کی کوشش کر رہے تھے مگر یہ تاثر اب دم توڑ گیا ہے۔

انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ صوبائی حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ اور ترقی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور دہشت گردوں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پر صوبائی وزراء بخت محمد کاکڑ، میر عاصم کرد گیلو، سردار کوہیار خان ڈومکی اور دیگر بھی موجود تھے

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

About the Author

Quetta Voice is an English Daily covering all unfolding political, economic and social issues relating to Balochistan, Pakistan's largest province in terms of area. QV's main focus is on stories related to education, promotion of quality education and publishing reports about out of school children in the province. QV has also a vigilant eye on health, climate change and other key sectors.