سٹاف رپورٹر:
کوئٹہ (یکم ستمبر 2025) بلوچستان ہائی کورٹ نے گرین بس سروس کے روٹ کو بلوچستان یونیورسٹی سے آگے سریاب کسٹم چیک پوسٹ تک وسعت دینے سے متعلق درخواست پر صوبائی اور ریجنل ٹرانسپورٹ حکام کو نوٹس جاری کر دیا۔
چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے ایڈووکیٹ سید نذیر آغا کی آئینی درخواست کی سماعت کی۔ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ فی الحال گرین بس سروس بلیلی کسٹم چیک پوسٹ سے بلوچستان یونیورسٹی تک محدود ہے، جب کہ یونیورسٹی کے بعد سریاب کسٹم چیک پوسٹ تک بڑی تعداد میں غریب اور مستحق شہری بستے ہیں جو اس سہولت سے محروم ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ عوام کو سستی اور باقاعدہ پبلک ٹرانسپورٹ کی فراہمی ان کا بنیادی حق ہے۔ عدالت نے معاملے پر نوٹس لیتے ہوئے صوبائی ٹرانسپورٹ اتھارٹی اور ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے سیکریٹریز کو 4 ستمبر کو طلب کر لیا تاکہ وضاحت پیش کی جا سکے کہ یہ سہولت سریاب کسٹم تک کیوں نہیں بڑھائی گئی۔
کیس کی مزید سماعت بھی 4 ستمبر 2025 کو ہوگی۔