سٹاف رپورٹر: کوئٹہ: صوبے میں عوام کو حقِ معلومات فراہم کرنے کے لیے بلوچستان انفارمیشن کمیشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا۔ کمیشن کے دفتر کا افتتاح محکمہ تعلقات عامہ کی عمارت میں کیا گیا، جس میں سیکرٹری اطلاعات عمران خان، کمشنر بلوچستان انفارمیشن کمیشن عبدالشکور اور ڈائریکٹر سعید شاہوانی شریک ہوئے۔
اس موقع پر صوبائی سیکرٹری اطلاعات عمران خان نے کہا کہ انفارمیشن کمیشن کا قیام بلوچستان کے عوام کے لیے ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق معلومات تک رسائی شہریوں کا بنیادی حق ہے جو شفاف حکمرانی اور مؤثر احتساب کو فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اطلاعات کا فرض ہے کہ عوام تک حکومتی پالیسیوں کو بروقت اور درست انداز میں پہنچائے۔
کمشنر بلوچستان انفارمیشن کمیشن عبدالشکور نے کہا کہ کمیشن کے دفتر کا قیام عوامی حقِ معلومات کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بہتر طرز حکمرانی، کرپشن کے خاتمے اور عوامی شمولیت کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ ان کے مطابق شفافیت اور جوابدہی ہی عوامی اعتماد کو مضبوط بناتی ہیں اور ہر شہری کو بلا تفریق معلومات تک رسائی دی جائے گی۔
عبدالشکور نے مزید کہا کہ عوام کو چاہیے کہ وہ اپنے حقِ معلومات کے استعمال میں دلچسپی لیں تاکہ یہ نظام زیادہ مؤثر ثابت ہو۔
یاد رہے کہ بلوچستان اسمبلی نے 2021 میں رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کی منظوری دی تھی، اور انفارمیشن کمیشن کا قیام اسی قانون پر مؤثر عمل درآمد کے لیے عمل میں لایا گیا ہے