سٹاف رپورٹر
مغل کوٹ / درازندہ:
کوئٹہ–اسلام آباد قومی شاہراہ مغل کوٹ اور درازندہ کے درمیان لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی گھنٹوں سے مکمل طور پر بلاک ہے۔ بھاری پتھروں اور مٹی کے تودے گرنے سے ٹریفک دونوں اطراف رک گئی، جس کے نتیجے میں ہزاروں گاڑیاں شاہراہ پر محصور ہو گئی ہیں۔
عینی شاہدین کے مطابق شاہراہ پر کھڑی گاڑیوں میں مسافر، خواتین اور بچے شدید مشکلات کا شکار ہیں جبکہ اشیائے خوردونوش اور ایندھن کی قلت بھی پیدا ہو رہی ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ متعلقہ ادارے اور ریسکیو ٹیمیں تاحال موقع پر نہیں پہنچ سکیں، جس پر مسافروں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق حالیہ بارشوں کے بعد پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات بڑھ گئے ہیں اور شاہراہوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کی وجہ سے سفر مزید دشوار ہو رہا ہے۔
مسافروں نے حکومت اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مشینری اور عملہ بھیج کر شاہراہ کھلوائی جائے تاکہ گاڑیوں میں پھنسے لوگ محفوظ مقامات تک پہنچ سکیں۔