نیوز ڈیسک : فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) ہیڈکوارٹرز اسلام آباد کی ہدایت پر بلوچستان زون میں بڑی کارروائیاں کی گئیں، جن میں لینڈ روٹ ایجنٹ اور اشتہاریوں سمیت تین انسانی اسمگلرز کو گرفتار کر لیا گیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق گرفتار ملزمان میں قربان علی، عبدالعلیم عرف واوا اور عوزیب شامل ہیں۔ کارروائیاں کوئٹہ اور گوادر کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔
ایف آئی اے نے بتایا کہ ملزم عوزیب غیر قانونی سمندری راستے سے پاکستانی شہریوں کو ایران بھیجنے میں ملوث تھا اور اس نے متاثرہ افراد سے فی کس 15 ہزار روپے وصول کیے۔
ترجمان کے مطابق قربان علی گزشتہ 12 سال سے ایف آئی اے کو مطلوب تھا جبکہ عبدالعلیم عرف واوا 2022 سے انسانی اسمگلرز کی لسٹ میں شامل تھا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ یہ ملزمان شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے بٹورنے کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔ ان کی گرفتاری کے لیے متعدد بار چھاپے بھی مارے گئے تاہم وہ فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
ایف آئی اے نے ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ مزید انکشافات کی توقع ہے۔