نمائندہ خصوصی :
ڈیرہ بگٹی: ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں زمین میں نصب بارودی سرنگ کے پھٹنے سے دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق، یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب مقامی افراد نے مشکوک شے کو ہٹانے کی کوشش کی۔
جاں بحق ہونے والوں کی شناخت زاہد چاکرانی اور وشو چاکرانی کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی شخص کی شناخت سادا چاکرانی کے طور پر کی گئی ہے۔ زخمی کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اسے طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
یہ علاقہ پہلے بھی کئی بار ایسے مہلک دھماکوں کا نشانہ بن چکا ہے۔ مقامی باشندے طویل عرصے سے مطالبہ کرتے آ رہے ہیں کہ زیرِ زمین بارودی مواد کو کلیئر کیا جائے تاکہ انسانی جانیں محفوظ رہ سکیں۔ افسوسناک امر یہ ہے کہ اسکول جانے والے بچوں اور دیگر بے گناہ افراد بھی ان واقعات سے متاثر ہوتے رہے ہیں۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اس واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے۔ سیکیورٹی اداروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔