سید کلیم شاہ : کوئٹہ: ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج III کوئٹہ، جناب محمد اشرف خان بازئی نے نواں کلی پشتونستان چوک میں خواتین سمیت سات افراد کے قتل اور اقدامِ قتل کے سنگین مقدمات کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم ولی خان کو دو بار سزائے موت، اس کے بھائی صدام کو ایک بار سزائے موت اور دیگر شریک ملزمان کو عمر قید، قید بامشقت اور لاکھوں روپے جرمانے کی سزائیں سنا دی ہیں۔
عدالت نے واضح کیا کہ اگر جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو تمام مجرمان کو مزید قید کاٹنا ہوگی۔
اہم فیصلے:
- سزائے موت:
ملزم ولی خان کو دو بار جبکہ اس کے بھائی صدام کو ایک بار سزائے موت سنائی گئی۔ دونوں مجرمان کو مقتولین کے ورثاء کو فی کس 10 لاکھ روپے ہرجانے کی ادائیگی کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ - عمر قید:
شریک ملزمان سلطان اور گلاب شاہ کو دو، دو بار عمر قید کی سزا دی گئی، جب کہ صدام کو بھی ایک بار عمر قید سنائی گئی۔ ساتھ ہی مقتولین کے ورثا کو فی کس 4 لاکھ روپے ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دیا گیا۔ - اقدام قتل اور زخمیوں کو معاوضہ:
پر مینہ اور رفیع کو زخمی کرنے کے جرم میں ولی خان، صدام، سلطان اور گلاب شاہ کو سات، سات سال قید اور فی کس 1 لاکھ روپے زخمیوں کو ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دیا گیا۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں چھ، چھ ماہ اضافی قید بھگتنا ہوگی۔ - فسادات کی دفعات کے تحت سزا:
تمام مجرمان کو دفعہ 148 کے تحت دو سال کی اضافی قید سنائی گئی۔ - آلہ قتل برآمدگی:
مقدمہ نمبر 102/2022 میں ملزم ولی خان کو پسٹل برآمد ہونے پر تین سال قید اور پانچ ہزار روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی گئی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں دو ماہ مزید قید کا حکم دیا گیا۔
مقدمات کا پس منظر:
پولیس تھانہ زرغون آباد کوئٹہ میں مقدمہ نمبر 80/2022 درج کیا گیا، جس کے مطابق نواں کلی پشتونستان چوک کے علاقے میں ملزمان ولی خان، صدام، سلطان، گلاب شاہ اور مفرور زعفران نے ایک گھر میں گھس کر اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں محمد رفیق، ان کی اہلیہ بی بی حانی، اور بیٹی بی بی آمنہ جاں بحق ہوئے، جبکہ پرمینہ اور رفیع شدید زخمی ہوئے۔
اسی مقدمے سے جڑے دوسرے کیس (مقدمہ نمبر 81/2022) میں ولی خان کو بی بی حلیمہ اور کامران کو قتل کرنے کے جرم میں ایک اور بار سزائے موت سنائی گئی، جبکہ صدام، سلطان، اور گلاب شاہ کو عمر قید اور مقتولین کے ورثا کو 4 لاکھ روپے فی کس ہرجانے کی ادائیگی کا حکم دیا گیا۔
پراسیکیوشن:
تمام مقدمات میں ریاست کی جانب سے پیروی پراسیکیوٹر ہارون محبوب خان ترین نے کی۔ عدالت نے مفرور ملزم زعفران ولد حاجی بادام خلجی کی عدم گرفتاری کے باعث ان کے خلاف مقدمات کو سرد خانے میں رکھنے کا حکم بھی دیا ہے