کوئٹہ (21 جولائی 2025) –
بلوچستان میں غیرت کے نام پر خاتون اور مرد کے بہیمانہ قتل کے واقعے پر پولیس نے دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ ایف آئی آر نمبر QTA-000351 کے مطابق یہ مقدمہ سب انسپکٹر محمد توصیف کی مدعیت میں تھانہ ھنہ اوڑک کوئٹہ میں 20 جولائی 2025 کو درج کیا گیا۔
ایف آئی آر میں تعزیرات پاکستان کی دفعات 302، 149، 148، 147 اور انسداد دہشتگردی ایکٹ 1997 شامل کی گئی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق، اطلاع موصول ہونے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، جہاں ایک مرد اور خاتون کو انتہائی بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔ واقعہ کا مقام گوگل کوآرڈینیٹس (30.084694N, 67.268002E) کے تحت ضلع کوئٹہ کے نواحی علاقے میں درج کیا گیا ہے۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزمان نے “غیرت کے نام پر” اندوہناک طریقے سے قتل کی واردات کو انجام دیا، جس کی ویڈیو بعد ازاں سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی۔ ریاست نے اس واقعے پر خود مدعیت اختیار کرتے ہوئے مقدمہ درج کرایا ہے تاکہ کوئی بھی مجرم قانون سے بچ نہ سکے۔
- اب تک 11 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ دیگر کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام ملوث ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔