کوئٹہ (نمائندہ خصوصی):
بیوٹمز اسٹاف ایسوسی ایشن (BSA) کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج وزیر تعلیم بلوچستان محترمہ راحیلہ درانی سے اہم ملاقات کی۔ وفد میں سہیل انور، ڈاکٹر صائمہ، ڈاکٹر حسرت شاہ، شیخ میر احمد اور نجیب اللہ شامل تھے۔ ملاقات کا مقصد PSU الاؤنس اور یونیورسٹی ملازمین کی تنخواہوں سے متعلق مسائل پر وزیر تعلیم کو آگاہ کرنا تھا۔
وفد نے حالیہ بجٹ میں بلوچستان کی جامعات کیلئے بجٹ میں 5 ارب سے بڑھا کر 8 ارب روپے کرنے پر وزیر تعلیم کا شکریہ ادا کیا اور ان کی تعلیم کے شعبے میں خدمات کو سراہا۔ اس موقع پر وزیر تعلیم کو PSU الاؤنس اور نئی یونیفارم پے پالیسی کے اثرات سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بی ایس اے نے ہاؤس ریکوزیشن کی منظوری کے باوجود اس پر عملدرآمد نہ ہونے کا معاملہ بھی اٹھایا اور مطالبہ کیا کہ اسے نئی یونیفارم پے پالیسی میں شامل کیا جائے۔ مزید برآں، وفد نے زور دیا کہ بیوٹمز ملازمین کی تنخواہوں کو بلوچستان یونیورسٹی کے مساوی کیا جائے تاکہ ملازمین کی دیرینہ شکایات کا ازالہ ہو سکے اور ادارے میں بڑھتی مایوسی کو ختم کیا جا سکے۔
وزیر تعلیم راحیلہ درانی نے بیوٹمز کے اساتذہ اور دیگر عملے کے کردار کو سراہتے ہوئے صوبے کی ترقی میں ان کی خدمات کو قابلِ قدر قرار دیا۔ انہوں نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ وہ مذکورہ مسائل کے حل کیلئے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گی-