نمائندہ خصوصی : کوئٹہ، 18 جولائی 2025 — مستونگ کے علاقے چوتو کے قریب قومی شاہراہ پر بلوچستان کانسٹیبلری کے افسران کی گاڑی کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا۔
ترجمان حکومت بلوچستان شاہد رند کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایکٹنگ ڈی ایس پی کی گاڑی متاثر ہوئی۔ حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
شاہد رند نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے اور سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے تاکہ حملہ آوروں کو گرفتار کیا جا سکے۔
ترجمان کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ حکومتی ترجمان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا