آصف کریم کھیتران
بارکھان: بارکھان اور اس کے نواحی علاقوں میں منگل کی صبح زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.4 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کی گہرائی 31 میل زیرِ زمین تھی، جس کے باعث جھٹکے کئی سیکنڈز تک محسوس کیے گئے۔ زلزلے کے بعد لوگ خوف کے مارے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلے کے جھٹکے بارکھان کے مختلف علاقوں، جن میں مہمہ صمند خخان، کھرڑ بزدار، راڑہ شم رڑکن اور چھپر شامل ہیں، میں شدت سے محسوس کیے گئے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ زلزلے کے دوران گھروں کی دیواریں اور کھڑکیاں لرزنے لگیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کا مرکز بارکھان کے قریب ہی تھا، جو کہ ایک خطرناک فالٹ لائن پر واقع ہے۔
تاحال کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم مقامی انتظامیہ نے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹیمیں الرٹ کر دی ہیں۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور آفٹر شاکس سے ہوشیار رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ماہرین کے مطابق بلوچستان زلزلوں کے لحاظ سے حساس ترین علاقوں میں شامل ہے۔