کوئٹہ (ویب ڈیسک) — جیئے سندھ محاذ کے چیئرمین ریاض علی چانڈیو نے سینئر سیاستدان و سابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور بلوچستان کے قدرتی وسائل کے تحفظ اور قومی حقوق کی جدوجہد کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
رابطے کے دوران دونوں رہنماؤں نے سندھ و بلوچستان کے قدرتی وسائل پر جاری استحصال پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور قومی حقوق کے حصول کے لیے مشترکہ جدوجہد پر اتفاق کیا۔ ریاض علی چانڈیو نے کہا کہ سندھ کے عوام بلوچستان کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور قومی حقوق کی اس تحریک میں جیئے سندھ محاذ بھرپور کردار ادا کرے گا۔
نوابزادہ لشکری رئیسانی نے سندھ کی قوم پرست قیادت کی حمایت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سندھ اور بلوچستان پر مسلط ڈمی اسمبلیوں نے دونوں قوموں کی نسلوں سے خوشحالی چھین لی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دریائے سندھ کا پانی، گیس، پیٹرول، کوئلہ اور جزائر جیسے وسائل کی لوٹ مار کے بعد اب بلوچستان کو بھی اسی استحصالی نظام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
نوابزادہ رئیسانی کا کہنا تھا کہ اگر مشترکہ جدوجہد سے ان اقدامات کو نہ روکا گیا تو ہماری آئندہ نسلیں ترقی کے حق سے محروم ہو جائیں گی اور نیشنل و ملٹی نیشنل کمپنیوں میں ملازمتوں پر مجبور ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ سندھ اور بلوچستان کی قیادت مل کر اپنی نسلوں کا مستقبل محفوظ بنائے۔