اسلام آباد (ویب ڈیسک):
ورلڈ بینک نے بلوچستان میں تعلیم اور صاف پانی کی فراہمی کے دو بڑے منصوبوں کیلئے 19 کروڑ 40 لاکھ (194 ملین) ڈالر کی امداد کی منظوری دے دی ہے۔ یہ اعلان ورلڈ بینک کی جانب سے جاری کردہ تازہ اعلامیے میں کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق، 10 ملین ڈالر کی رقم بلوچستان میں بچوں کی شرح خواندگی بڑھانے کے منصوبے پر خرچ کی جائے گی، جس کا مقصد معیاری پرائمری تعلیم کو فروغ دینا ہے۔ اس منصوبے سے ڈھائی لاکھ بچوں کو معیاری تعلیم تک رسائی دی جائے گی۔
مزید 94 ملین ڈالر بلوچستان میں واٹر سکیورٹی اور زرعی پیداوار بڑھانے کے منصوبے کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ اس منصوبے کے تحت دریائے ناڑی، تلی اور لڑی سے پانی کی فراہمی کے ذریعے چھوٹے کاشتکاروں کی زندگی میں بہتری لائی جائے گی اور انہیں پائیدار زرعی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
ورلڈ بینک کے اس اقدام کو بلوچستان میں پائیدار ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔