نیوز ڈیسک:
نوکنڈی، ۲۵ جون – ریکوڈک مائننگ کمپنی کے کارپوریٹ سوشل ریسپانسبلیٹی پروگرام کے تحت تشکیل دی گئی کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی کا پہلا تعارفی اجلاس نوکنڈی میں منعقد ہوا، جس کا مقصد مقامی سماجی و ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی اور مشاورت کو یقینی بنانا ہے۔
اجلاس کے دوران کمیٹی کے باقاعدہ قیام، ابتدائی ڈھانچے اور قیادت کا متفقہ طور پر انتخاب کیا گیا۔ سولہ رکنی کمیٹی میں بارہ مرد اور چار خواتین شامل ہیں، جن میں سے چودہ ارکان نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں حاجی عرض محمد بریچ کو تین سالہ مدت کے لیے چیئرمین اور مفتی خلیل الرحمن محمد حسنی کو وائس چیئرمین منتخب کیا گیا۔
اجلاس میں ریکوڈک مائننگ کمپنی کے اعلیٰ حکام بشمول علی دوست یلانزئی، محمد علیسی طاہر سنجرانی، نور خان مینگل، عبد الخالق ڈیگارزئی اور محبوب شیرزنی نے بھی شرکت کی۔
کمیونٹی ڈویلپمنٹ کمیٹی کا قیام علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کی شفاف عملدرآمد، مؤثر تجاویز کی فراہمی اور مقامی عوامی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے عمل میں لایا گیا ہے۔ یہ اقدام ریکوڈک کمپنی کی سماجی ذمہ داریوں کی پالیسی کا ایک اہم حصہ ہے، جس کا مقصد مقامی کمیونٹی میں پائیدار ترقی کو فروغ دینا ہے۔